جنوبی کوریا میں تمام شہریوں کو مفت اے آئی سروسز ملیں گی

سیئول:(دنیا نیوز) جنوبی کوریا نے اپنے تمام تقریباً 5 کروڑ 20 لاکھ شہریوں کو پبلک براڈ بینڈ اور تعلیم کی طرز پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مفت اور لامحدود سہولیات فراہم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔

حکومتی منصوبے کا بنیادی مقصد عوام کو جدید اے آئی چیٹ بوٹس تک آسان اور مفت رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ شہری صحت، مالیات اور روزمرہ زندگی سے متعلق مختلف معاملات حل کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اس اقدام کے ذریعے جنوبی کوریا مصنوعی ذہانت کو ایک لازمی عوامی ضرورت کے طور پر تسلیم کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔

جنوبی کوریا کی سائنس اور آئی سی ٹی کی وزارت نے جمعے کو اعلان کیا کہ ’اے آئی فار ایوری ون‘ منصوبے کے لیے بولی دینے والی 6 کمپنیوں میں سے 3 سنڈیکیٹس کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔

حکومت ملک بھر کے مقامی اے آئی ایکو سسٹم کو وسعت دینے کے لیے ان تینوں گروپس کو مجموعی طور پر 512 نوڈیا بی 200 گرافکس پروسیسنگ یونٹس (GPUs) فراہم کرے گی۔

حکومت نے 2027 سے اس ملک گیر سروس کے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کا جامع منصوبہ بھی تیار کیا ہے۔

وزارت کے مطابق ستمبر تک منتخب گروپس کے ساتھ باقاعدہ معاہدے طے پانے کی توقع ہے، جس کے بعد سروس کا بیٹا ورژن لانچ کیا جائے گا اور سال کے اختتام تک اسے مکمل طور پر عوام کے لیے فعال کردیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...