موبائل ٹاورز میں چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات، 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر

لاہور: (دنیا نیوز) موبائل ٹاورز میں چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 11 ماہ کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 200 سے زائد چوری اور تخریب کاری کے واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن کے باعث ملک بھر کی 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر ہوئیں۔

پی ٹی اے کے مطابق تمام موبائل آپریٹرز کو موبائل ٹاورز پر چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی بروقت ایف آئی آر درج کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مقدمات کی منطقی انجام تک پیروی کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

موبائل ٹاورز اور انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے وزارت قانون، پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کے درمیان مشاورت جاری ہے، جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی مسائل کے حل کے لیے تجاویز طلب کرلی گئی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام سائٹس کے لیے خصوصی بجلی کے ٹاورز اور سمارٹ گرڈ سسٹم پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نیپرا، پاور ڈویژن اور ڈسکوز سے ٹیلی کام سائٹس کو انڈسٹریل پاور ٹیرف کی فراہمی پر مذاکرات بھی جاری ہیں۔

ٹیلی کام سائٹس پر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے سیکرٹری ایم او آئی ٹی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس کے تحت ایکسپریس فیڈرز اور سمارٹ ٹرانسفارمرز کے ذریعے ٹیلی کام ٹاورز کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...