واٹس ایپ کا گروپ چیٹ کے لئے متعدد نئے فیچرز کا اعلان
نیویارک: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسجنگ واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کیلئے گروپ چیٹس میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جن میں مینشن اور جوابات کیلئے نیا فلٹر، پیغامات کو غیر معینہ مدت تک پن کرنے، نئے ارکان کو سابقہ پیغامات دکھانے اور گروپ سٹیٹس شیئر کرنے کی سہولت شامل ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق چیٹ لسٹ میں نیچے کی جانب سوائپ کرنے پر ظاہر ہونے والے فلٹر مینو میں اب مینشنز اینڈ ریپلائیز کا نیا آپشن بھی شامل ہوگا۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین صرف ان گروپ چیٹس کو دیکھ سکیں گے جہاں انہیں مینشن کیا گیا ہو یا ان کے پیغامات کا براہِ راست جواب دیا گیا ہو، اس میں گروپ کے تمام ارکان کیلئے بھیجے گئے @all پیغامات بھی شامل ہوں گے۔
نئے فیچرز میں گروپ چیٹس کے پیغامات کو غیر معینہ مدت تک پِن کرنے کی سہولت بھی شامل ہے، اس سے قبل صارفین کسی پیغام کو صرف 24 گھنٹے، 7 دن یا 30 دن کیلئے پن کر سکتے تھے۔
واٹس ایپ ایک اور سہولت بھی متعارف کرا رہا ہے جس کے تحت کسی نئے رکن کے گروپ میں شامل ہونے کے بعد اسے پہلے سے بھیجے گئے حالیہ پیغامات بھی دکھائے جا سکیں گے، اس کے لیے چیٹ میں متعلقہ رکن کے نام پر ٹیپ کرنا ہوگا، پہلے یہ سہولت صرف کسی شخص کو گروپ میں شامل کرتے وقت دستیاب تھی۔
اس کے علاوہ گروپ سٹیٹس شیئرنگ کا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی سٹیٹس اپ ڈیٹس صرف کسی مخصوص گروپ کے ارکان کے ساتھ شیئر کر سکیں گے، گروپ کے دیگر ارکان ان سٹیٹس کو دیکھنے، ان پر ردعمل دینے اور اپنے سٹیٹس بھی شیئر کرنے کے اہل ہوں گے، یہ سٹیٹس 24 گھنٹے بعد خود بخود غائب ہو جائیں گے۔
واٹس ایپ کے یہ نئے فیچرز گروپ چیٹس کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے ساتھ صارفین کیلئے رابطے اور معلومات کے تبادلے کو بھی آسان بنائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments