متحدہ عرب امارات میں بغیر پروگرامنگ ویب سائٹس اور موبائل ایپس بنانے کا نیا منصوبہ

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے بغیر پروگرامنگ سیکھے ویب سائٹس اور موبائل ایپس کے ابتدائی نمونے تیار کرنے کے لیے ایک نئی قومی سرگرمی شروع کر دی ہے۔

یو اے ای وائب کوڈز کے نام سے متعارف کروائے گئے اس پروگرام کا مقصد شہریوں، رہائشیوں، طلبہ، ملازمین اور کاروباری افراد کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے قابل بنانا ہے، تاکہ وہ اپنے خیالات کو عملی ڈیجیٹل منصوبوں میں تبدیل کرسکیں۔

اماراتی خبر رساں ادارے وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مصنوعی ذہانت دفتر نے مائیکروسافٹ کے تعاون سے یہ سرگرمی شروع کی ہے، اس کے ذریعے شرکا عام زبان میں اپنا کاروباری یا تخلیقی خیال بیان کرکے مصنوعی ذہانت کی مدد سے ویب سائٹ یا موبائل ایپ کا ابتدائی نمونہ تیار کرسکتے ہیں، اس عمل کے لیے روایتی کمپیوٹر پروگرامنگ میں مہارت لازمی نہیں۔

سرکاری اعلان کے مطابق پروگرام کو ابتدائی مرحلے میں نمایاں پذیرائی ملی اور پہلے ہی گھنٹے میں پانچ ہزار افراد نے شرکت کی، اس اقدام کا مقصد مصنوعی ذہانت کو صرف ٹیکنالوجی کے ماہرین تک محدود رکھنے کے بجائے عام افراد کی روزمرہ زندگی، تعلیم اور کاروباری سرگرمیوں کا حصہ بنانا ہے۔

یہ منصوبہ خصوصاً چھوٹے کاروبار کرنے والوں، نوجوانوں اور نئے کاروباری خیالات رکھنے والے افراد کے لیے اہمیت رکھتا ہے، مثال کے طور پر کوئی دکاندار اپنی مصنوعات دکھانے کے لیے ویب سائٹ کا نمونہ، طالب علم تعلیمی ایپ کا ابتدائی خاکہ یا نیا کاروبار شروع کرنے والا شخص اپنی خدمات کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کرسکتا ہے۔

تاہم مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ابتدائی نمونوں کو مکمل تجارتی استعمال کے قابل بنانے کے لیے مزید جانچ، معلومات کے تحفظ، تکنیکی بہتری اور ضروری حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہوسکتی ہے، پروگرام کا بنیادی مقصد لوگوں کو نئی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا اور عملی تجربے کے ذریعے ان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سمیت مختلف قومیتوں کے رہائشی بھی اس اقدام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر یہ پروگرام نئی مہارتیں سیکھنے، کاروباری جدت کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے تیار کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...