ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے، ماں سے متعلق نازیبا الفاظ قابل مذمت ہیں: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان، مولانا عطا الرحمان اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کا احترام ہے، ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے، ماں کے متعلق نازیبا الفاظ قابل مذمت ہیں۔

 

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پے در پے بیانات سے قوم کو تکلیف پہنچی ہے، شہدا کے بارے میں بھی گفتگو احتیاط سے کرنی چاہیے، ریاست کے بارے میں دیئے گئے بیانات قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا تھا کہ اگر ریاست ایسا رویہ نہ رکھے تو کچھ نہیں کہیں گے، جب ریاست کو ماں کا درجہ دیا گیا ہے تو ایسے الفاظ استعمال نہیں ہو سکتے، تھوڑے عرصے پہلے شہدا کے حوالے سے بھی ایسی ہی باتیں کی گئی تھیں، اپنی ذاتی انا کو اجتماعی انا اور مفاد میں نہیں لے کر جانا چاہیے۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے تمام معاملات رکھے گئے ہیں، جیل میں دی جانے والی تمام سہولیات کے بارے میں بھی خود ان کے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا، جو رپورٹ سپریم کورٹ اور انہیں دی گئی تھی اس میں کوئی فرق نہیں تھا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نورین نیازی اس لیے جیل میں ہیں کیونکہ وہ لوگوں کو ورغلا رہی تھیں، ان کی طبیعت خراب ہوتے ہی انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا اور علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں، نورین نیازی کی تمام رپورٹس ٹھیک آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عدالت میں جا کر ریلیف حاصل کرے، نورین نیازی اسلام آباد پر چڑھائی اور انتشار پھیلانا چاہتی تھیں، اسی لیے جیل میں ہیں۔

رانا ثنا اللہ کی تقریر کے دوران سینیٹر مشال یوسفزائی نے احتجاج بھی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...