وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارتِ خزانہ نے مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کی ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران ترسیلاتِ زر میں سالانہ بنیاد پر 14 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 10.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر 2026 میں ترسیلاتِ زر 12.7 فیصد اضافے سے 3.6 ارب ڈالر رہیں۔ پہلی سہ ماہی میں برآمدات 7.7 فیصد اضافے سے 8.5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جبکہ ستمبر میں برآمدات 15.5 فیصد بڑھ کر 3 ارب ڈالر ہوگئیں۔

پہلی سہ ماہی کے دوران درآمدات 14.1 فیصد اضافے سے 17.8 ارب ڈالر رہیں۔ ستمبر میں درآمدات میں سالانہ بنیاد پر 22.7 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 6.2 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 19.9 فیصد اضافے سے 719.7 ملین ڈالر رہی۔ ستمبر 2026 میں یہ سرمایہ کاری 219.5 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

اکتوبر 2026 میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 21.5 ارب ڈالر رہے، جبکہ 28 اکتوبر کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 278.6 روپے ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس وصولیاں 3 ہزار 86.2 ارب روپے رہیں۔ ستمبر میں ٹیکس وصولیوں کا حجم ایک ہزار 363.8 ارب روپے رہا، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 11.5 فیصد زیادہ ہے۔

پہلی سہ ماہی میں وفاقی نان ٹیکس آمدن 2 ہزار 365.9 ارب روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ مالیاتی خسارہ ایک ہزار 197.9 ارب روپے رہا۔ رپورٹ میں بنیادی بجٹ سرپلس 2 ہزار 311.2 ارب روپے بتایا گیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق 26 اکتوبر 2026 کو پالیسی ریٹ 12 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں مہنگائی کی شرح 10.2 فیصد رہی، جبکہ ستمبر میں یہ بڑھ کر 10.3 فیصد ہوگئی۔ ستمبر 2025 میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد تھی۔

پہلی سہ ماہی کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.85 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اگست 2026 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کی شرح نمو 0.67 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں زرعی قرضوں کا حجم 540.5 ارب روپے رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 32.7 فیصد زیادہ ہے۔

28 اکتوبر 2026 کو اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس ایک لاکھ 65 ہزار 736 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 3.52 فیصد زیادہ ہے۔ اکتوبر 2026 میں اسٹاک مارکیٹ کی سرمایہ کاری 18.33 کھرب روپے، جبکہ ڈالر میں اس کا حجم 66.22 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں 15 ہزار 440 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 37.3 فیصد زیادہ ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...