روس کی ایران امریکا کشیدگی کم کرانے کے لیے ثالثی کی نئی پیشکش
ماسکو: (ویب ڈیسک)روس نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی اور خلیجی خطے میں فوجی کشیدگی روکنے کے لیے نئی سفارتی کوششیں کرنے کا اعلان کردیا۔
الجزیرہ کے مطابق کریملن کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگر ایران اور امریکا درخواست کریں تو روس دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے۔ روس خطے میں فوجی کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے بھی کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
کریملن کے ترجمان نے مزید کہا کہ اگر ایران کے افزودہ یورینیم کا معاملہ مذاکرات میں رکاوٹ بنا رہا تو روس اسے اپنے ہاں وصول کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
ترجمان کے مطابق ایران کا معاملہ روس اور امریکا کے درمیان رابطوں میں باقاعدگی سے زیرِ بحث آتا ہے اور دونوں ممالک اس حوالے سے اپنے اپنے مؤقف کا تبادلہ کرتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ روس اس سے قبل بھی ایران کے افزودہ یورینیم کو اپنی سرزمین پر محفوظ رکھنے اور جوہری تنازع کے حل میں مدد دینے کی پیشکش کرچکا ہے۔ تاہم اپریل میں روسی حکام نے بتایا تھا کہ امریکا نے ایرانی یورینیم روس منتقل کرنے کی تجویز مسترد کردی تھی۔
روس کی جانب سے ثالثی اور کشیدگی کم کرنے کی تازہ پیشکش پر تاحال ایران اور امریکا کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ایران اور امریکا کے درمیان جوہری پروگرام اور علاقائی کشیدگی پر اختلافات برقرار ہیں، جبکہ روس سفارتی رابطوں کے ذریعے تنازع کے حل میں کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کرتا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments