کوچوان کی ایمانداری نے برطانوی خاتون کو دیوانہ بنا دیا

قاہرہ :(ویب ڈیسک ) مصر میں بگھی کے کوچوان کی ایمانداری نے برطانوی خاتون کو دیوانہ بنا دیا۔

برطانیہ سے مصر کے تاریخی علاقے ’اسوان‘ میں آنے والے سیاحوں کے گروپ میں شامل برطانوی خاتون ’سینڈرا میچل‘ نے سیاحتی بگھی میں سیر کی جسے ابوحجر نامی مصری کوچوان چلا رہا تھا۔

دن بھرعلاقے کی سیر کے بعد جب سینڈرا اپنے ہوٹل پہنچی تو اسے احساس ہوا کہ پرس اس کے پاس نہیں ہے جس میں اس کا آئی فون اور 2500 ڈالر کے علاوہ ایک سونے کا ہار بھی تھا۔

سیاح خاتون نے ٹورگائیڈ کو مطلع کیا تاکہ وہ ان اشیا کی تلاش میں مدد کرسکے۔ ٹور گائیڈ نے کوششوں کے بعد بگھی کے کوچوان ’ابوحجر‘ کو تلاش کرلیا۔
کوچوان ابوحجر کو جب یہ معلوم ہوا کہ اس کی بگھی میں سیاح خاتون کی قیمتی چیزیں گم ہو گئی ہیں تو اس نے بگھی کی تلاشی لی، اسے وہ پرس بگھی کے کونے میں دکھائی دیا۔

کوچوان نے پرس کھولے بغیر ہوٹل پہنچا دیا۔ سیاح خاتون نے اپنا پرس لے کر کوچوان کا شکریہ ادا کیا اور اسے ایک ہزار ڈالر انعام دینے کی کوشش کی جسے اس نے رد کر دیا۔

برطانوی خاتون کی واپسی کی فلائٹ اسی دن تھی، اس نے کوچوان سے وعدہ کیا کہ اسے انعام دینے کے لیے پھر مصر آئے گی، ابوحجر یہ واقعہ فراموش کرچکا تھا مگر برطانوی خاتون کو اپنا وعدہ یاد تھا۔

اس واقعے کے ایک برس بعد خاتون دوبارہ اسوان قصبے پہنچی اور سب سے پہلے ابوحجر کو ہوٹل میں بلایا۔

برطانوی سیاح خاتون کا تعلق ایک تجارتی گروپ سے تھا انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد مصر میں ایک سیاحتی پروجیکٹ شروع کررہی ہیں جس کا صدر وہ ابوحجر کو مقرر کرنا چاہیں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں