غیر ملکی ایئر پورٹ آپریٹرز کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں اظہار دلچسپی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بیرون ملک پاکستان مشنز کے ذریعے بین الاقوامی مارکیٹ میں ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کی کوششوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ پر سٹیئرنگ کمیٹی کی 9 ویں میٹنگ ہوئی۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان ایمبیسیز، مشنز کے سربراہان اور سفیروں کے ساتھ آن لائن میٹنگ کی جس میں سیکرٹری ایوی ایشن ، ڈی جی سی اے اے نے اس حوالے سے پیش رفت کا جائزہ پیش کیا۔

وزیر خارجہ کو بتایا گیا کہ ترکیہ، ملائشیا، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے، پیرس، سپین، جرمنی، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ کے معروف ایئرپورٹ آپریٹرز نے بھی اسلام آباد ایئرپورٹ میں مثبت دلچسپی دکھائی ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق غیر ملکی ایئرپورٹ آپریٹرز، سرمایہ کاروں کا اعتماد اور دلچسپی پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام کی عکاس ہے، غیر ملکی سرمایہ کار اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بولی کے عمل میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔

آئی ایف سی اجلاس میں ہوائی اڈوں پر سروس کے معیار کی بہتری کے لئے بین الاقوامی کنسلٹنٹس کے تیار کردہ (کے پی آئی) اور بنچ مارکس کا بھی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ہوائی اڈوں پر مسافروں کو سروس ڈلیوری بنچ مارکس کے مطابق بلارکاوٹ ہر سہولت فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔

وزیرخارجہ نے (آئی ایف سی) کو لاہور اور کراچی ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی، وزیر خارجہ نے اقتصادی سفارت کاری اور بیرونی ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کوششوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔

ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن، ڈی جی سی اے اے، سیکرٹری قانون و انصاف شریک ہوئے، اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (ایم او ایف اے، ایم ای)، ایڈیشنل سیکرٹری (بی او آئی) نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی جی اے ایس ایف، ڈی جی اے این ایف، ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے اور دیگر بھی موجود تھے، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے (امیگریشن)، پاکستان کسٹمز اور آئی ایف سی ٹیم کے سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں