پی سی بی عامر کا ویزا جاری نہ ہونے پر کرکٹ آئرلینڈ سے نالاں

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ محمد عامر کا بروقت ویزا جاری نہ ہونے پر کرکٹ آئرلینڈ سے ناخوش ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد عامر کا قومی سکواڈ کے دیگر اراکین کے ساتھ ہی ویزا اپلائی کیا گیا تھا، میزبان کرکٹ بورڈ کی سکواڈ کے تمام اراکین کے بروقت ویزوں کے اجرا کی ذمہ داری تھی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے اپنی ناراضگی اور مایوسی سے کرکٹ آئرلینڈ کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے اور مستقبل میں کرکٹ تعلقات خوشگوار نہ رہنے سے بھی خبردار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ویزا نہ ملنے کی وجہ سے محمد عامر کل ہونے والے پہلے ٹی 20 میچ سے باہر ہوگئے ہیں اور انہیں اب براہ راست انگلینڈ بھجوائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو خدشہ ہے کہ محمد عامر کے آئر لینڈ کیخلاف سیریز میں شامل نہ ہونے سے ورلڈ کپ کیلئے کمبی نیشن بنانے میں مشکلات پیش آئیں گی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں