شگفتہ اعجاز کا دوطرفہ اور دوسری محبت کا اعتراف

لاہور: (فہیم حیدر) سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بھی دوسری بار محبت سے گزریں اور انہیں دوسری بار شادی کرنے پر شدید تحفظات تھے کیوں کہ وہ دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔

معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام "مذاق رات" میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے محبت، شادی اور کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام میں انہوں نے دو طرفہ محبت اور دوسری بار محبت کا اعتراف بھی کیا اور کہا کہ یہ ممکن ہی نہیں کہ ان جیسی خوبصورت خاتون صرف یک طرفہ محبت پر ہی زندگی گزار دے۔

اداکارہ نے شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ انہوں نے شوہر یحییٰ صدیقی کی جانب سے پیشکش کے دو سال بعد ان سے شادی کے لیے رضا مندی ظاہر کی۔

انہوں نے بتایا کہ شادی کی پیشکش کو تاخیر سے قبول کرنے کا سبب ان کی ذاتی اور ذہنی پریشانیاں تھیں کیوں کہ وہ پہلے ہی دو بیٹیوں کی ماں تھیں اس لیے وہ دوسری بار رشتہ ازدواج میں بندھنے پر پریشانی اور گھبراہٹ کا شکار تھیں۔

ان کے مطابق انہیں یہ پریشانی تھی کہ نہ جانے ان کے ہونے والے شوہر ان کی بیٹیوں کے ساتھ کیسا رویہ رکھیں، وہ انہیں تسلیم کریں گے یا نہیں؟

شگفتہ اعجاز نے اعتراف کیا کہ لیکن انہیں شادی کی پیش کش کرنے والے شخص سچے تھے، وہ ان کی بیٹیوں کے ساتھ بھی گھل مل گئے، جس کے بعد انہوں نے اس سے شادی کی۔

ادکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شگفتہ اعجاز نے بتایا کہ انہوں نے نومبر 1989 میں پہلی بار بطور اداکارہ شوٹنگ کا آغاز کیا اور ان کا پہلا ڈرامہ ہی اداکار شبیر جان کے ساتھ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلے سے ہی اداکاری کا شوق تھا، ان کی بڑی بہن کی ایک دوست اداکارہ تھیں جو جب بھی ان کے محلے میں آتی تھیں تو پورا محلہ جمع ہوجاتا تھا جس کے بعد انہیں اداکاری کا شوق ہوا۔

ان کے مطابق وہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر جیسے ہی آڈیشن دینے گئیں اور انہوں نے ہدایت کار کاظم پاشا سے ملاقات کی تو انہوں نے دیکھتے ہی انہیں کہا کہ وہ ہی ان کے اگلے ڈرامے کی ہیروئن ہوں گی۔

اداکارہ شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ انہوں نے بمشکل 18 برس کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور جلد ہی انہوں نے شہرت حاصل کر لی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں