چین کی معمر خاتون کے سر پر سینگ نکل آیا
بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کی ایک انتہائی معمر خاتون کے سر پر سینگ نکل آیا، 107 سالہ خاتون کا تعلق گوانگ ڈونگ سے ہے جس کے سر پر سینگ چند برس قبل اُگ آیا تھا۔
چین نامی خاتون کے سر پر اُگ آنے والے سینگ کو مقامی لوگ اُس کی طویل عمر کا راز قرار دیتے ہیں، چین کی صحت اب تک بہت اچھی ہے، وہ خوب کھاتی پیتی ہے اور اس میں تھکن یا مایوسی برائے نام بھی نہیں۔
چین کا کہنا ہے کہ سینگ سے اُسے کوئی تکلیف نہیں پہنچی، وہ اس بات پر شکر ادا کرتی رہتی ہے کہ اُس کی صحت بہت اچھی ہے اور وہ اب بھی زندگی سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔
بڑی عمر میں بعض لوگوں کے سر پر سینگ اُگ آتا ہے، ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ اس نوعیت کے سینگ پر نظر رکھنی چاہیے کیونکہ ان کے نتیجے میں کینسر بھی ہوسکتا ہے۔