شام میں حزب اللہ کے ٹھکانے پر اسرائیل کا حملہ

دمشق: (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج کی جانب سے شام میں حزب اللہ کے ٹھکانے پر بڑاحملہ کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ ایک اسرائیلی حملے میں دارالحکومت دمشق کے نواح میں واقع بجدلیہ گاؤں کو نشانہ بنایا گیا، ان حملوں کے نتیجے میں جنوبی دمشق کے دیہی علاقوں میں دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوا۔

دمشق کے دیہی علاقوں میں حزب اللہ کے زیر استعمال مقام کو نشانہ بنایا گیا ہے، یہ مشرقی شام میں پاسداران انقلاب کے اہداف پر بمباری کے دو دن بعد ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 13 ایران نواز جنگجو مارے گئے تھے۔

گزشتہ برسوں کے دوران اسرائیل نے شام میں سینکڑوں فضائی حملے کیے جن میں بنیادی طور پر ایرانی اور لبنانی حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، حملوں میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کے گوداموں اور سامان کی ترسیل کے ساتھ ساتھ شامی فوج کے مقامات بھی شامل تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے ، مشقوں میں تمام ڈائریکٹوریٹس، آپریشن ڈویژنز، جنرل سٹاف اور ونگز شریک ہوں گے۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ سرپرائز مشقوں کا مقصد شمال میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط کرنا تھا۔

7اکتوبر کو غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیل کے شام میں حملوں میں شدت آ گئی ہے، اسرائیل شاذ و نادر ہی ان حملوں کے نفاذ کی تصدیق کرتا ہے لیکن وہ اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ شام میں اپنی فوجی موجودگی کو مستحکم کرنے کے لیے تہران کی کوششوں کا مقابلہ کرے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں