ایک اور بھارتی فوجی نے موت کو گلے لگا لیا

کلکتہ: (ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ایک ایئرپورٹ کی سیکیورٹی پر مامور نیم فوجی دستے کے اہلکار نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کلکتہ ایئرپورٹ میں گولی کی آواز سے بھگدڑ مچ گئی، سیکیورٹی اہلکاروں کو جب تک معاملہ سمجھ آتا ہوائی اڈے پر معمولات معطل رہے اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکار گولی چلنے کے مقام پر پہنچے تو سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کانسٹیبل کو خون میں لت پت پایا جب کہ پاس ہی سرکاری رائفل بھی پڑی تھی۔

اہلکار کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج کانسٹیبل نے دم توڑ دیا جس کی کی شناخت ریاست تلنگانہ کے وشنو کے نام سے ہوئی، وشنو نے 2022 میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس میں شمولیت حاصل کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل کے کمرے کی تلاشی لی گئی لیکن کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا، تاحال خودکشی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا، تفتیش کا عمل جاری ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں