داعش روس جیسا حملہ امریکا میں بھی کر سکتی ہے: ڈائریکٹر ایف بی آئی

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سرکاری ایجنسی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے امریکا پر داعش کے حملے سے خبردار کر دیا۔

7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خاص طور پر یورپ میں دہشت گردانہ حملوں پر بین الاقوامی خدشات کے بعد ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے امریکا پر داعش کے حملوں کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ 7 اکتوبر سے دہشت گردی کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس نے انفرادی عناصر یا چھوٹے گروہوں کی موجودگی کی نشاندہی کی جو غزہ پر اسرائیلی جنگ کی وجہ سے امریکا کے اندر انتہا پسند بن گئے تھے۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ماسکو میں گزشتہ ماہ ہونے والے حملے جیسے حملے کے امکان کے بارے میں تشویش بڑھ رہی ہے جس کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی، کرسٹوفر رے نے ایک عوامی مقام پر مربوط دہشتگردانہ حملے کے بڑھتے ہوئے خدشات کی طرف بھی اشارہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ روس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں کروکس شہر میں موجود ایک نائٹ کلب میں تقریباً 150 افراد ہلاک اور 285 کے زخمی ہو گئے تھے، حملے کی ذمہ داری’داعش خراسان‘ نامی گروپ نے قبول کی، حملے کے بعد یورپ میں سکیورٹی الرٹ کر دی گئی تھی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں