امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچ گئے، شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

ریاض: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں، دورہ سعودی عرب کے دوران امریکی وزیر خارجہ سعودی حکام سے غزہ جنگ اور غزہ میں سیاسی قیادت پر بات چیت کریں گے۔

سعودی عرب پہنچنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، اس دوران دونوں رہنماؤں کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی وزیر خارجہ سے غزہ میں جنگ بندی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے قیدیوں کی رہائی اور خطے میں تصادم کو روکنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران کا خاتمہ جنگ بندی میں ہے، امریکا غزہ جنگ کے خطے میں پھیلاؤ کو روکنے کی کوششیں کر رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ ایران کی اسرائیل کے ساتھ کشیدگی نے خلیجی ممالک کو غیر محفوظ بنا دیا، خلیجی ممالک اور امریکا کو خطے میں اپنا دفاع مزید مضبوط کرنا ہوگا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں