بھارت : نریندر مودی اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے ہاتھ ملالیا

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے ہاتھ ملا لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آج پارلیمنٹ میں 18ویں لوک سبھا کے نومنتخب سپیکر اوم برلا کے استقبال کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے خوشگوار موڈ میں مصافحہ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی گاندھی خاندان کے تیسرے رکن ہیں جنہوں نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ سنبھالا ہے۔

راہول گاندھی کی والدہ سونیا گاندھی 1999ء سے 2004ء تک جبکہ ان کے والد راجیو گاندھی 1989ء سے 1990ء تک قائد حزب اختلاف رہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے جنرل سیکرٹری کے سی وینیو گوپال کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ میں کانگریس رہنما راہول گاندھی کو اپوزیشن کا پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی پارلیمنٹ میں بھارتی عوام کی مضبوط آواز ہونگے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ حکومت ہر وقت جوابدہ رہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں