بھارتی فورسز کی کارروائی، 28 ماؤ علیحدگی پسند مار دیئے

چھتیس گڑھ: (ویب ڈیسک) بھارتی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 28 مشتبہ ماؤ علیحدگی پسندوں کو ہلاک کردیا۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں لڑائی کے نتیجے میں 28 ماؤ باغیوں کو ہلاک کیا۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پولیس سرحدی علاقوں نرائنپور اور ڈانتیواڈا اضلاع میں چھاپے مار رہی تھی اور اسی دوران پولیس اور مشتبہ علیحدگی پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس نے کارروائی کے حوالے سے وضاحت جاری نہیں کی کہ آیا مارے جانے والوں میں ان کے افسر بھی شامل ہیں یا صرف علیحدگی پسندوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں ماؤ نواز علیحدگی پسندوں پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ چینی طرز کے کمیونزم نظام کے لئے پراپیگنڈا کرتے ہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے حکومت اور خاص طور پر وسطی اور مشرقی ریاستوں میں گوریلا کارروائیاں کر رہے ہیں، ان کارروائیوں میں کئی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں