انڈیا: کملا ہیرس کی کامیابی کیلئے آبائی گاؤں میں خصوصی دعائیں

تامل ناڈو: (ویب ڈیسک) انڈیا میں کملا ہیرس کے آبائی گاؤں کے رہائشیوں نے امریکی ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کی جیت کے لئے ایک مندر میں دعائیں کیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کملا ہیرس کے نانا پی وی گوپالن کی پیدائش ایک صدی پہلے برٹش انڈیا کے تھلیسندر پورم نامی گاؤں میں ہوئی تھی جو اب موجودہ انڈیا کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں واقع ہے۔

مندر کے قریب ایک چھوٹا سا سٹور چلانے والے مانی کندن نے کہا مندر میں ایک خصوصی دعا ہوئی، اگر کملا ہیرس جیت گئیں تو پورا گاؤں جشن منائے گا، مندر میں کملا ہیرس کا نام ایک پتھر پر کندہ ہے جس پر ان کے نانا کا نام بھی موجود ہے جنہوں نے اس مندر کے لئے عطیہ دیا تھا۔

مندر کے باہر ایک بڑے بینر میں کملا کو اس زمین کی بیٹی قرار دیا گیا ہے اور ان کی الیکشن میں کامیابی کی خواہش ظاہر کی گئی ہے، کملا کے نانا گوپالن اور ان کے خاندان نے اس گاؤں سے چند سو میل دور ساحلی شہر چنئی جو اب تامل ناڈو کا دارالحکومت ہے منتقل ہو گئے تھے جہاں انہوں نے ریٹائرمنٹ تک ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار کے طور پر کام کیا تھا۔

اس گاؤں کو چار سال قبل اس وقت عالمی توجہ حاصل ہوئی جب اس کے مکینوں نے پٹاخے اور آتش بازی اور کھانا تقسیم کر کے امریکی نائب صدر کے طور پر ان کے حلف کا جشن منایا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں