ٹرمپ کو امریکی پالیسی میں فوری تبدیلی لانی چاہیے: فلسطینی سفیر کا مطالبہ

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں تعینات فلسطینی سفیر حسام ذوملوت نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرمپ کو امریکی پالیسی میں فوری تبدیلی لانی چاہیے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے برطانیہ میں سفیر حسام ذوملوت نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس میں پہنچنے کے لئے جنوری کا انتظار نہ کریں بلکہ فوری طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری لڑائی اور تنازع کو ختم کرنے کے لیے امریکی پالیسی میں تبدیلی لائیں۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے سفیر نے مزید کہا ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ جاری بحرانوں کو حل کریں گے، انتخابی مہم کے دوران کئے گئے ان کے وعدے کی وجہ سے ہی عرب امریکن ووٹرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا اب ضائع کرنے کے لئے وقت نہیں ہے اور ہم نومنتخب صدر ٹرمپ سے اس بات کی توقع نہیں رکھتے کہ وہ اس کے لیے جنوری 2025 تک کا انتظار کریں گے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ اپنی زندگیاں کھو چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں