جاپان نے روسی اثاثے ضبط کرنے کی یورپی تجویر مسترد کر دی
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان نے یورپی یونین کی جانب سے منجمد روسی اثاثے ضبط کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیرِ خزانہ ساتسوکی کاتایاما نے واضح کیا کہ ٹوکیو کے پاس روسی اثاثوں کی ضبطی کے لئے کوئی قانونی اختیار موجود نہیں۔
رپورٹ کے مطابق، یورپی یونین نے جاپان پر تقریباً 30 ارب ڈالر مالیت کے منجمد روسی اثاثے ضبط کرنے کے لئے دباؤ ڈالا تھا، تاہم جاپان نے اس مؤقف کو قانونی جواز سے خالی قرار دیتے ہوئے تجویز رد کر دی۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 2 اکتوبر کو خبر دی تھی کہ G7 کے یورپی رکن ممالک جاپان اور امریکہ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنے ہاں منجمد روسی اثاثوں کو ضبط کر کے یوکرین کے لئے استعمال کریں۔
روس کے خلاف مغربی ممالک کی پابندیوں کے تحت تقریباً 300 ارب ڈالر کے روسی اثاثے منجمد کئے گئے ہیں جن میں سے 210 ارب ڈالر بیلجیم میں واقع یوروکلیئر پلیٹ فارم پر موجود ہیں، امریکہ میں اس رقم کا تخمینہ 5 سے 6 ارب ڈالر لگایا جاتا ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ پہلے ہی خبردار کر چکی ہے کہ اگر مغرب نے روسی اثاثے ضبط کیے تو ماسکو فوری اور سخت جوابی اقدامات کرے گا۔