یورپ کی مکمل حمایت حاصل: روس، یوکرین جنگ بندی معاہدے کے قریب ہیں، ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بہت قریب ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یوکرینی اور یورپی قیادت سے روس یوکرین جنگ بندی پر بات ہوئی، امریکی امن منصوبے کو یورپی رہنماؤں کی مکمل حمایت حاصل ہے، تاہم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں اب بھی علاقے کے کنٹرول کا معاملہ ایک بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برلن میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بعد نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، جنگ بندی پر روسی صدر پیوٹن سے بھی بات چیت کی گئی، یورپی رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مغرب کی جانب سے یوکرین کو دی جانے والی کسی بھی سکیورٹی ضمانت میں انہیں شامل کیا جائے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن کا میکسیکو بارڈر سے داخلہ بند کر دیا ہے، اقتدار سنبھالا تو میکسیکو بارڈر جرائم پیشہ افراد کے پاس تھا، سمندری راستے سے اب منشیات کی سمگلنگ 94 فیصد کم ہوگئی ہے۔