امریکا کی روسی صدر پیوٹن کو غزہ امن کونسل میں شمولیت کی دعوت

ماسکو: (شاہد گھمن سے) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو امریکہ کی جانب سے غزہ امن کونسل میں شامل ہونے کی دعوت موصول ہوگئی۔

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے اس پیشکش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو دعوت کی تمام تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد امریکی حکام سے رابطہ کر کے مزید وضاحت طلب کی جائے گی۔

دیمتری پیسکوف کے مطابق یہ دعوت سفارتی چینلز کے ذریعے موصول ہوئی ہے اور صدر ولادیمیر پیوٹن اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

قزاقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے ترجمان نے بھی انکشاف کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قازق صدر کو غزہ امن کونسل میں شمولیت کی دعوت دی ہے جبکہ قازقستان اس کونسل کے بانی ممالک میں شامل ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق امریکہ نے دیگر کئی ممالک کے رہنماؤں کو بھی اس کونسل میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے۔

یہ مجوزہ امن کونسل اسرائیل اور حماس کے درمیان اکتوبر 2025 میں طے پانے والے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کے دوران اپنا کام شروع کرے گی، اس امن منصوبے میں مصر، قطر، امریکہ اور ترکی نے ثالثی کا کلیدی کردار ادا کیا تھا، کونسل کا مقصد غزہ میں پائیدار امن، انسانی امداد اور جنگ بندی کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں