موزمبیق میں بارشوں سے سیلاب نے تباہی مچا دی، سڑکیں، گھر، سکول زیر آب
ماپوتو: (دنیا نیوز) مشرقی افریقی ملک موزمبیق میں شدید بارشوں سے سیلاب نے تباہی مچا دی۔
خبر ایجنسی کے مطابق دارالحکومت ماپوتو میں سڑکیں، گھر، سکول اور کاروباری مراکز زیر آب آگئے، شہری کمر تک پانی میں چلنے پر مجبور ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق سیلاب کے باعث کاروبار ایک ہفتے سے بند ہیں، سامان کو شدید نقصان پہنچا۔
اقوام متحدہ کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں چار لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، بارشیں جاری رہنے سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے جنوبی علاقے میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، سڑکیں بیٹھ گئیں، گاڑیاں مٹی اور پانی میں دب گئیں، گھروں میں ملبہ داخل ہو گیا۔
میئر ایتھنز کے مطابق پہاڑ ہیمیٹس سے آنے والا ملبہ حفاظتی انتظامات کے باوجود نشیبی علاقوں میں بہہ آیا، ہنگامی حالات کی وجہ سے گلیفادا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
یونانی حکام کے مطابق ایتھنز میں 170، گلیفادا میں 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، ایک خاتون سیلاب میں جان سے گئی۔