روس تیل کی آمدنی سے جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، یوکرینی صدر

کیف: (دنیا نیوز) یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس تیل کی آمدنی سے جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، اگر روسی صدر کے پاس پیسہ نہ ہو تو یورپ میں جنگ نہیں ہوگی۔

ڈیووس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ یہ ملاقات انتہائی اہم اور مثبت رہی، متحدہ عرب امارات میں روس، امریکا اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات ہوں گے۔

یوکرینی صدر نے کہا کہ امن کے قیام میں امریکا کا کردار فیصلہ کن ہے، جبکہ جنگ کے خاتمے سے متعلق دستاویزات تقریباً تیار ہیں۔

زیلنسکی نے یورپ اور امریکا پر روس کو میزائل پرزہ جات کی فراہمی نہ روکنے پر تنقید کی اور کہا کہ یورپ کو اپنی سلامتی کیلئے مزید دفاعی سرمایہ کاری پر غور کرنا ہو گا۔

اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ کا بھی کہنا تھا کہ زیلنسکی کے ساتھ ملاقات اچھی رہی، روس یوکرین جنگ ختم کرنے کیلئے ابھی بہت وقت لگے گا، جنگ ختم ہونی چاہیے، بہت سے لوگ ہلاک ہو رہے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ جنگ بندی کی کوششوں میں امریکی حکام روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کیلئے جاسکتے ہیں، سب چاہتے ہیں کہ جنگ ختم ہو، امن بورڈ کے بارے میں زیلنسکی سے بات نہیں ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں