لندن ہیتھرو ایئرپورٹ نے بھی 100 ملی لیٹر مائع سکیورٹی پابندی ختم کر دی

دبئی: (سید مدثر خوشنود) عالمی فضائی سفر کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دبئی کے بعد اب لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ نے بھی مسافروں کے لیے 100 ملی لیٹر مائع رکھنے کی سکیورٹی پابندی ختم کر دی ہے۔

اس فیصلے کو ایئرپورٹ سکیورٹی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ایک بڑی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے نجی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر جدید تھری ڈی سکینرز نصب کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے اب مسافروں کو ہاتھ کے سامان میں موجود مائع اشیاء الگ نکالنے یا محدود مقدار میں رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اس سے سکیورٹی چیک کے دوران وقت کی بچت اور سہولت میں واضح اضافہ متوقع ہے، اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بھی اسی طرز کا جدید سیکیورٹی نظام متعارف کرایا تھا، جس کے بعد اب لندن ہیتھرو اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی مستقبل میں دیگر بڑے عالمی ایئرپورٹس کے لیے بھی مثال بن سکتی ہے، پاکستانی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ خبر اس لیے خاص اہمیت رکھتی ہے کہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات پاکستانی مسافروں کی بڑی تعداد کے اہم سفری مراکز ہیں۔

سکیورٹی پابندیوں میں اس نرمی سے پاکستانی مسافروں، خاندانوں اور بزنس ٹریولرز کو بین الاقوامی سفر کے دوران زیادہ آسانی اور کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا، جو عالمی سفری سہولیات میں بہتری کی جانب ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں