امریکا: برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج، ہزاروں پروازیں منسوخ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) شمال مشرقی امریکا میں آنے والے شدید برفانی طوفان نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے، تیز ہواؤں اور ریکارڈ برفباری کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں تین فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی، جو کئی دہائیوں کا ریکارڈ توڑنے کے مترادف ہے، اسی طرح نیویارک سٹی کے معروف مقام سینٹرل پارک میں تقریباً 20 انچ برف پڑی، جس سے سڑکیں اور رہائشی علاقے مکمل طور پر برف میں ڈھک گئے۔

ریاست میساچوسٹس میں حکام نے شدید طوفان کے باعث ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے، ایوی ایشن حکام کے مطابق ملک بھر میں 5600 سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جبکہ متعدد ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔

ادھر بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہونے سے لاکھوں صارفین مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں بجلی کی بحالی اور سڑکوں کی صفائی کے لیے کام کر رہی ہیں، حکام نے خبردار کیا ہے کہ برفباری اور سردی کی شدت آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے، جس سے مزید سفری اور شہری مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں