غیر ملکیوں کو گردے فروخت کرنے والے گینگ کیخلاف شہری کے اغوا کا مقدمہ درج

راولپنڈی: (دنیا نیوز) گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری اور غیر ملکیوں کو فروخت کرنے والے گینگ کے ہاتھوں شہری کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مقدمے میں دفعہ 109 سمیت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ ایکٹ کی دفعات 10، 11 اور 12 بھی شامل کر لی گئی ہیں، یہ دفعات پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کی سفارش پر مقدمے کا حصہ بنائی گئی ہیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان نرس فردوس خالد اور سہیل شمیم کو گرفتار کر لیا ہے، ابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد نرس فردوس خالد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے جبکہ ملزم سہیل شمیم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے مغوی ارسلان کا عدالت میں دفعہ 164 کے تحت بیان بھی قلمبند کروا لیا ہے جس میں مغوی نے پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کی ہے۔

مقدمے میں نامزد ملزمان حاجی شہزاد، ڈاکٹر فاروق، نواب خان اور علی خان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ پانچ نامعلوم ملزمان بھی مقدمے میں نامزد کیے گئے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں