خالد مقبول صدیقی نے ’نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ‘ مہم کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج پوری دنیا تعلیمی معیشت کی جانب بڑھ رہی ہے، ’نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ‘ مہم شروع کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔
اسلام آباد میں مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے سب کو شراکت داری کرنا ہوگی اور لرننگ پروگرام کی افادیت بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت سنبھالتے وقت تعلیمی اعداد و شمار تشویشناک تھے اور وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ملک تعلیمی ایمرجنسی جیسے حالات سے دوچار ہے، تعلیم کی بہتری کی راہ میں کئی چیلنجز حائل ہیں، جن میں عوامی سوچ بھی شامل ہے جسے بدلنے کی ضرورت ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دیہی علاقوں میں تعلیم کا رجحان کم ہے، اس لیے ہر گھر اور محلے تک پہنچنا ہوگا تاکہ کوئی بچہ پیچھے نہ رہ جائے، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تعلیم کی بہتری کے لیے مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔