بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کا مودی کے دورہ اسرائیل پر تحفظات کا اظہار

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی کے دورہ اسرائیل پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

اپوزیشن جماعت نے وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دورہ ایسے وقت میں کیا گیا جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ لڑائی شروع ہوچکی اور وسیع تر جنگ کا واضح خطرہ موجود ہے، وزیراعظم مودی کا دورہ فوجی کشیدگی کی سیاسی تائید کا تاثر دیتا ہے۔

اپوزیشن جماعت کے مطابق مودی کا دورہ اصولوں پر مبنی عالمی نظام، اقوام متحدہ کے چارٹر کیخلاف ہے، بلااشتعال جارحیت کی خاموش حمایت کا تاثر بھارتی مؤقف کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ بھارت کے روابط صرف اسرائیل نہیں، فلسطین اور پورے خطے کے ساتھ ہیں، اس دورے کے بھارت کیلئے سنگین سٹریٹجک نتائج نکل سکتے ہیں۔

اپوزیشن جماعت کے مطابق مودی کی جانب سے جارحیت کی تائید کشمیر پر مؤقف کو کمزور کرے گی، وزیراعظم مودی کا یہ دورہ خاص طور پر نامناسب وقت پر کیا گیا۔

اپوزیشن جماعت کا کہنا تھا کہ کانگریس اسرائیل کے ساتھ فلسطین اور ایران سے بھی تعلقات کی خواہاں ہے، موجودہ حکومت اصولوں پر مبنی عالمی نظام سے وابستگی کو قربان کررہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں