جنگ کا ساتواں روز: ایران کا کلسٹر بموں سے لیس خیبر شکن میزائل سے تل ابیب پر حملہ
تہران، واشنگٹن: (دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ میں جنگ کے ساتویں روز ایرانی پاسداران انقلاب نے کلسٹر بموں سے لیس خیبر شکن میزائل سے تل ابیب پر حملہ کردیا، امریکا نے ایرانی بیلسٹک میزائل کے ذخیرے اور 30 بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر ایک ساتھ درجنوں ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ کیا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان کے اہداف کیا تھے اور کتنا جانی یا مالی نقصان پہنچایا گیا، تل ابیب کی فضائی صورتحال براہ راست دکھانے والے کیمرے کو عین اس وقت نیچے کرکے سڑک دکھائی جانے لگی جب تل ابیب کی فضاوں میں ایرانی میزائلوں کے داخل ہونے کی آوازیں گرجنا شروع ہوئیں۔
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے کارروائی کرتے ہوئے 7 اسرائیلی ڈرونز طیارے مار گرائے ہیں۔
ایرانی فوج کے مطابق جاری جنگ کے دوران اب تک 500 سے زائد بیلسٹک اور کروز میزائل داغے جا چکے ہیں جبکہ مختلف اقسام کے 2 ہزار سے زیادہ ڈرونز بھی فائر کیے گئے ہیں[ میزائلوں میں سے تقریباً 60 فیصد امریکی افواج کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے گئے جبکہ 40 فیصد میزائل اسرائیلی علاقوں پر حملوں کے لیے داغے گئے۔
چھ روز میں ہلاکتیں
ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 230 ہو گئی، ایران اور حزب اللہ کے حملوں میں 11 اسرائیلی ہلاک ہوئے، ایران کے جوابی حملوں میں مارے گئے امریکی فوجیوں کی تعداد 6 ہوگئی، لبنان پر جاری اسرائیلی بربریت میں 77 افراد جاں بحق ہوئے، کویت میں دو فوجیوں سمیت چار افراد جان سے گئے۔
بحرین میں ایرانی حملے میں ایک شخص کی موت ہوئی، عمان میں ایرانی پروجیکٹائل حملے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، حالیہ کشیدگی میں متحدہ عرب امارات میں 3 افراد کی اموات رپورٹ ہوئیں، قطر پر ایرانی حملوں اور بچاؤ کی کارروائیوں میں 16 افراد زخمی ہوئے، عراق میں بھی 2 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
ایرانی صدر کردستان کے عوام کے شکرگزار
دوسری جانب ایرانی صدر نے جنگی صورتحال کے دوران قوم سے خطاب اور سوشل میڈیا پیغام میں کردستان کے عوام کا ایران کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ شہداء اور زخمیوں کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
ایرانی صدر نے گورنرز اور مسلح افواج کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی بھی علیحدگی پسند تحریک کو سختی سے کچلا جائے اور قومی سلامتی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو ہدایت کی کہ علیحدگی پسند عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے اور ملک کی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔
امریکا کے 72 گھنٹوں میں 200 اہداف پر حملے
امریکا نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ایران کے 200 اہداف پر حملے کر کے بیلسٹک میزائل کے ذخیرے اور 30 سے زائد بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ ( سینٹ کام) کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کاپر نے ایران پر حملوں سےمتعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بی ٹو بمبار طیاروں نے درجنوں بنکر بسٹر بموں سے گہرائی میں دفن بیلسٹک میزائل لانچرز تباہ کر دیے ہیں[ پہلے دن کے بعد سے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں میں 90 فیصد کمی آئی ہے، آپریشن کے اگلے مرحلے میں ایران کی میزائل پیداوار کی صلاحیت کو تباہ کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
امریکا اسرائیل نے ایران میں 13 طبی مراکز پر حملہ کیا: اقوام متحدہ
ترجمان اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے جنگ کے دوران ایران میں 13 طبی مراکز کو نشانہ بنایا ہے، تمام فریقین کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے پر زور دیتے ہیں، متاثرہ ممالک میں اقوام متحدہ کا ادارہ ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اس وقت جنگ کی صورتحال خطرناک ہے، دنیا میں عالمی توانائی کا بحران پریشان کن ہے، خطے میں اشیائے خورد ونوش کی نقل و حرکت پر توجہ کی ضرورت ہے، دہائیوں بعد جوہری ہتھیار کا خطرہ منڈلا رہا ہے، جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا خطرہ اس وقت سب سے زیادہ ہے۔
سعودی عرب نے 3 بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دیے
سعودی وزارت دفاع کے مطابق پرنس سلطان ایئر بیسں کی طرف داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے گئے ہیں، سعودی دفاعی نظام کی بروقت کارروائی سے یہ بیلسٹک میزائل تباہ کیے گئے۔
اسرائیلی فوج کا بیروت میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ
اسرائیلی فوج کے مطابق داحیہ میں حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ لبنانی سرکاری میڈیا نے بھی بیروت پر اسرائیلی حملے کی تصدیق کی ہے۔
لبنانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 123 ہوگئی جبکہ 683 افراد زخمی ہوئے۔
ہماری انگلی ٹریگر پر ہے، کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں، حوثی رہنما
اپنے ایک بیان میں حوثی رہنما عبد الملک الحوثی نے خبردار کیا کہ امریکا و اسرائیل کیخلاف جنگ میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں، صورتحال کے مطابق فوری ردعمل دیں گے۔
ایران کے خلاف فضائی حدود، سمندر یا سرزمین استعمال نہیں ہو گی: سعودی عرب
سعودی عرب نے کہا ہے کہ ایران کےخلاف فضائی حدود، سمندر یا سرزمین استعمال نہیں ہوگی، ایران نے سعودی عرب کی جانب سے اس کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے کے اعلان پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کر دیا۔
سعودی عرب میں ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایران کے خلاف اپنی فضائی، بحری اور علاقائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر ایران سعودی عرب کا شکر گزار ہے۔