ابوظہبی میں پرچم کشائی، سفیر شفقات علی خان کا استحکام پر زور

ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارت خانے، ابوظہبی میں پاکستان کے 86 ویں یومِ پاکستان کے موقع پر قومی جوش و جذبے کے ساتھ پرچم کشائی کی باوقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کا آغاز پاکستان کے سفیر شفقات علی خان نے قومی پرچم لہرا کر کیا، جبکہ اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا، بعد ازاں صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

اپنے خطاب میں سفیر شفقات علی خان نے برصغیر کے مسلمانوں کی طویل، تاریخی اور قربانیوں سے بھرپور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک مستحکم، خوشحال اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے قومی اتحاد، برداشت اور ہم آہنگی ناگزیر ہیں، انہوں نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کے اصولی مؤقف کا بھی اعادہ کیا۔

سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے یو اے ای کی حکومت اور عوام کا پاکستانی برادری کے لیے محبت، مہمان نوازی اور مواقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا اور کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مقامی قوانین، روایات اور اماراتی حکام کی جاری ہدایات کا مکمل احترام کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں