ٹرمپ امن مذاکرات کیلئے پُرامید، ایران میں فوج اُتارنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وائٹ ہاؤس
واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کےساتھ امن مذاکرات کےلیےپرامید ہیں، ایران میں امریکی فوج اتارنے کا ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ کی نیوزبریفنگ کے دوران کہا کہ دشمن سےامریکی شہریوں کی حفاظت ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجیح ہے، ایران جنگ پربات چیت اچھے طریقے سے جاری ہے، مذاکرات کےحوالےسےاچھی پیشرفت ہورہی ہے۔
کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ایرانی حکومت کےلیے حقیقی معاہدہ کرنے کا اچھا موقع ہے، امریکی حملوں کےبعد ایرانی حکومت شدید دباؤکا شکارہے، ایران کے پاس بہترین موقع ہے وہ صدر ٹرمپ کی پیشکش کا فائدہ اٹھائے۔
ترجمان وائٹ ہاوس کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی آپریشن کامیابی سے جاری ہے، ایران کی بحریہ مکمل طور پر غیر فعال اور ناکارہ ہو چکی ہے، اب تک گیارہ ہزار ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی حملوں کی صلاحیت میں اب 90فیصد تک بڑی کمی آچکی ہے، امریکی حملوں سے ایران کی دفاعی اور جارحانہ صلاحیتیں اب ختم ہو گئی، امریکا نے ایران کے ایک سو پچاس سے زائد بحری جہاز تباہ کیے۔
کیرولین لیوٹ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے 10 دن کیلئے ایران کے توانائی مراکز پر حملے نہ کرنے کا اعلان کیا بہتر ہے کہ ایران جوہری عزائم کو مستقل طور پر ترک کردے۔