اسلام آباد میں فائرنگ، معروف تاجر عامر اعوان جاں بحق، مقدمہ درج
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کے ایک پوش علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک معروف تاجر جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز ایک فارم ہاؤس میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے بزنس مین عامر اعوان شدید زخمی ہوئے تھے، جو آج دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ واقعہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں پیش آیا جہاں ٹویوٹا موٹرز کے مالک کو نشانہ بنایا گیا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودری نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال اسلام آباد میں مجموعی جرائم میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور اس سنگین واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے تمام حقائق میڈیا کے سامنے لائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی ایسے اندھے قتل کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا اور مجرموں کو قانون کے مطابق سزائیں دی گئیں۔
تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے میں خونی ڈکیتی کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ مقتول عامر اعوان کی اہلیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مقدمہ کے مطابق تین مسلح ملزمان رات کی تاریکی میں گھر میں داخل ہوئے، مدعیہ کے مطابق ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے میرے شوہر شدید زخمی ہوئے۔
مدعیہ کے مطابق ملزمان نے گارڈز ارمان اور کلیم اللہ سے گن، موبائل فون اور نقدی بھی چھینی، ملزمان نے گارڈز کو کمرے میں بند کرکے حبس بیجا میں رکھا۔
مقدمہ کے مطابق ملزمان نے ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہو کر میرے شوہر بچوں اور گارڈز پر سیدھی فائرنگ کی۔