خیبرپختونخوا پر قرضوں کا بوجھ بڑھنے لگا، 6 ماہ میں 33 ارب سے زائد اضافہ
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے اور صوبے میں ہر ماہ تقریباً ساڑھے 5 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران صوبے کے قرضے میں 33 ارب 42 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی قرض 809 ارب 74 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ جون سے دسمبر کے دوران صوبائی حکومت نے 25 ارب 56 کروڑ روپے کے قرضے واپس کیے، جن میں سے 15 ارب 81 کروڑ روپے اصل قرض جبکہ 9 ارب 75 کروڑ روپے سود کی مد میں ادا کیے گئے۔
اس کے علاوہ حکومت کو اسی عرصے میں قرض کی مد میں 45 ارب 9 کروڑ روپے کی وصولی بھی ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ قرض عالمی مالیاتی اداروں سے لیا گیا، جن میں عالمی بینک سے 352 ارب 50 کروڑ روپے 46 منصوبوں کیلئے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 351 ارب 80 کروڑ روپے 44 منصوبوں کیلئے حاصل کیے گئے۔