چھوٹے کاشتکاروں کیلئے ڈیزل سبسڈی پلان تیار، فی ایکڑ 1500 روپے دینے کی تجویز
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چھوٹے کاشتکاروں کو ڈیزل پر سبسڈی فراہم کرنے کے لیے وفاق اور صوبوں نے تیاریاں شروع کر دی، جس کا مقصد زرعی لاگت میں کمی اور کسانوں کو ریلیف دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ فصل کے لیے وفاق کی جانب سے 5 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کے لیے سبسڈائزڈ پیکج تیار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر فی ایکڑ 1500 روپے تک سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی بجٹ سے رقم نکال کر یہ سبسڈی کسانوں کے والٹ اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی تاکہ شفاف اور فوری ادائیگی ممکن بنائی جا سکے۔
اس کے علاوہ موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے لیے بھی سبسڈی براہ راست صوبوں کی جانب سے منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ اس سبسڈی کا باضابطہ اعلان وفاقی حکومت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق خطے میں کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے تناظر میں یہ اقدام کیا جا رہا ہے، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
سبسڈی کی مد میں صوبے اپنے بجٹ سے مجموعی طور پر تقریباً 150 ارب روپے فراہم کریں گے، جبکہ وفاقی حکومت ایک مربوط میکنزم کے تحت اس پالیسی کا اعلان کرے گی اور صوبے خود اس کی تقسیم کے ذمہ دار ہوں گے۔
مزید برآں، پنجاب اور سندھ میں چھوٹے کاشتکاروں کا ڈیٹا پہلے ہی دستیاب ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی تقریباً 15 لاکھ کسان اس سبسڈی سے مستفید ہو سکیں گے۔