دہشتگرد مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھانے میں مہارت حاصل کرچکے: اقوام متحدہ نے خبردار کر دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد مصنوعی ذہانت کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے میں مہارت حاصل کرچکے ہیں۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں دہشت گرد بھرتی، مالی وسائل کے حصول اور اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے نئی ٹیکنالوجیز کا بڑھ چڑھ کر استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ روز عالمی ادارے کے رکن ممالک کی انسدادِ دہشت گردی ایجنسیوں کے سربراہان کی چوتھی اعلیٰ سطح کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھال رہے ہیں۔

سیکرٹری جنرل اقوام محتدہ کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجیز نے ان کے لئے مالی وسائل حاصل کرنا اور بھرتی کو آسان بنا دیا ہے، دہشت گرد مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے میں مہارت حاصل کر چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہی ٹیکنالوجی دہشت گردی کے خلاف مؤثر ہتھیار بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی خطرات کی بروقت نشاندہی، غیر قانونی مالی وسائل کی ترسیل روکنے اور دہشت گردانہ انتہا پسندی کی جانب لے جانے والے عوامل کو سمجھنے کے لئے بھی طاقتور ذرائع فراہم کرتی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں