چین کا آبدوز سے سٹریٹجک میزائل چلانے کا کامیاب تجربہ
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے آبدوز سے سٹریٹجک میزائل چلانے کا کامیاب تجربہ کر لیا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جاپان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چینی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ڈمی وارہیڈ سے لیس تجرباتی میزائل بحرالکاہل میں مقررہ مقام پر گرا، میزائل تجربہ معمول کی فوجی تربیتی پروگرام کا حصہ تھا، تجربہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق کیا گیا، تجربے سے متعلق متعلقہ ممالک کو پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی۔
چینی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق تجربے میں کسی خاص ملک یا ہدف کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
جاپان کا کہنا ہے کہ ہمیں ٹیسٹ سے متعلق آگاہ کر دیا گیا تھا تاہم ہم نے چین سے اس معاملے پر نظرثانی کا کہا تھا جبکہ آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ کا کہنا ہے کہ چین نے ٹیسٹ سے متعلق آگاہ کر دیا تھا، ہم سمجھتے ہیں بیلسٹک میزائل ٹیسٹ خطے کے لیے عدم استحکام کا باعث ہے۔
چین کی جانب سے اس میزائل تجربے کی تصدیق ایسے وقت میں سامنے آئی جب آسٹریلیا نے بحرالکاہل میں واقع اپنے ہمسایہ جزیرہ ملک فجی کے ساتھ ایک اہم دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ نے بھی اس تجربے پر تشویش ظاہر کی، وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ جوہری صلاحیت رکھنے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ علاقائی استحکام سے مطابقت نہیں رکھتا۔