غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کا دور ختم ہو چکا، جھکیں گے نہیں: سپیکر ایرانی پارلیمنٹ

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے چیف مذاکرات کار اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کا دور ختم ہو چکا ہے، ایران جھکتا نہیں۔

انہوں نے امریکا پر مفاہمتی یادداشت کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکی حملے، ایرانی تیل کی برآمد پر دوبارہ پابندیاں، مزید حملوں کی دھمکیاں، آبنائے ہرمز میں ایران کے اقدامات کی خلاف ورزیاں اور لبنان کے خلاف اسرائیل کے مسلسل حملے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی ہیں۔

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اپنے بیان میں کہا کہ تیل برآمدات پر پابندی سے استثنیٰ ختم کرنا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیاں بھی معاہدے کے آرٹیکل 1 اور 2 سے متصادم ہیں، گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران لبنان میں اسرائیلی اقدامات کی امریکی حمایت بھی معاہدے سے انحراف ہے، ایران کے خلاف دھمکی آمیز بیانات بھی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی ہیں۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران امریکا کو خلاف ورزیوں کے نتائج سے آگاہ کر رہا ہے، ایران قومی مفادات و سلامتی کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرے گا، امریکا سے معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں