ایران سے ممکنہ جنگ کا خدشہ، امریکا نے خلیجی ممالک میں دفاعی نظام بڑھا دیا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے سعودی عرب اور قطر میں مزید دو پیٹریاٹ میزائل دفاعی بیٹریاں تعینات کردیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس کے مطابق دو امریکی حکام اور ایک علاقائی ذریعے نے بتایا کہ نئی تعیناتیوں کا مقصد دونوں خلیجی ممالک کی اہم توانائی تنصیبات کو ممکنہ حملوں سے محفوظ بنانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک پیٹریاٹ بیٹری گزشتہ ماہ سعودی عرب بھیجی گئی، جہاں اسے ایک اہم تیل تنصیب کے دفاع کے لیے تعینات کیا گیا ہے، جبکہ دوسری بیٹری قطر پہنچائی گئی ہے تاکہ قدرتی گیس کی ایک اہم تنصیب کی حفاظت کی جاسکے۔
ایکسیوس کے مطابق امریکا کا اس اقدام کے ذریعے سعودی عرب اور قطر کو یہ یقین دلانا بھی مقصد ہے کہ اگر ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہوئیں تو واشنگٹن ان کے اہم تیل اور گیس کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ میں مدد فراہم کرے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر کی قیادت اس سے قبل ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں پر تشویش ظاہر کرچکی ہے، کیونکہ ایسی کارروائیوں کے نتیجے میں ان کی اپنی توانائی تنصیبات بھی جوابی حملوں کی زد میں آسکتی ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں امریکی فوجی موجودگی بڑھائی جارہی ہے اور واشنگٹن مزید بحری اور فوجی وسائل مشرق وسطیٰ منتقل کر رہا ہے۔
ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں خلیجی ممالک کی اہم تیل اور گیس تنصیبات کا تحفظ بھی خصوصی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments