اسرائیل سے آسٹریا جانے والی پرواز کو بم کی دھمکی کے بعد بلغاریہ موڑ دیا گیا
ویانا: (ویب ڈیسک) اسرائیل سے آسٹریا جانے والی آسٹرین ایئرلائنز کی ایک پرواز کو مبینہ بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد بلغاریہ کا رخ کرنا پڑ گیا۔
بلغاریہ کی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق ایئربس A320 طیارہ تل ابیب سے ویانا جا رہا تھا، تاہم ہنگامی صورتحال کے باعث اسے صوفیا میں اتار لیا گیا، جہاں مسافروں کو بحفاظت طیارے سے نکال لیا گیا۔
وزارت کے بیان کے مطابق بلغاریہ کی فضائیہ نے طیارے کی نگرانی اور حفاظت کے لیے ایک مگ-29 لڑاکا طیارہ بھی روانہ کیا، واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
بلغاریہ اور اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارے کے بارے میں بم کی دھمکی دی گئی تھی، جبکہ آسٹرین ایئرلائنز نے بھی دھمکی موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ایئرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ طیارے میں 51 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے، دھمکی موصول ہونے کے تقریباً 30 منٹ بعد صوفیا میں لینڈنگ کے فوراً بعد طیارے کی مکمل سکیورٹی تلاشی لی گئی، اس وقت طیارہ رومانیہ کی فضائی حدود میں تھا جب اسے صوفیا کی جانب موڑ دیا گیا۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گذشتہ ماہ تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی ایک پرواز میں ایک پائلٹ نے کپتان پر حملہ کر کے طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم عملے اور مسافروں نے اسے قابو کر لیا تھا اور طیارہ بحفاظت سعودی عرب میں اتار لیا گیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments