غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری، 9بچوں سمیت 20فلسطینی شہید : مسجد اقصیٰ میں زخمیوں کی تعداد 600 تک پہنچ گئی

غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی وحشیانہ بمباری، 9بچوں سمیت 20فلسطینی شہید : مسجد اقصیٰ میں زخمیوں کی تعداد 600 تک پہنچ گئی

صیہونی فورسز کا مسجد اقصیٰ پر تیسرے روز بھی دھاوا ، بدترین تشدد، جھڑپیں،شیلنگ،مزید310فلسطینی زخمی ،رات گئے مسجد کے احاطے میں آگ لگادی گئی ، بمباری پر حماس کے 132جوا بی راکٹ حملے ، صیہونی پارلیمنٹ کا اجلاس فوری ختم ، عمارت خالی ،فلسطین میں آج سوگ ،کئی ممالک میں اسرائیل مخالف مظاہرے

تل ابیب (دنیا مانیٹرنگ)اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ اور بیت حنون میں وحشیانہ بمباری کی جس سے 9بچوں سمیت 20فلسطینی شہید اور70سے زائد زخمی ہوگئے ۔صیہونی فورسز نے مسلسل تیسر ے روز بھی مسجد اقصیٰ پر دھاوابولا، شیلنگ اور جھڑپوں سے مزید310فلسطینی زخمی ہوگئے ،جس سے تین روز میں زخمی ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد600سے تجاوز کرگئی۔اسرائیلی بمباری کے جواب میں حماس نے اسرائیل پر132راکٹ حملے کیے ۔پیر کو مسجد اقصیٰ کے کمپائونڈ اور اطراف میں شدید جھڑپیں ہوئیں، فلسطینیوں نے اسرائیلی فورسز پر پتھراؤ کیا،پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کے علاوہ سٹن گرنیڈزپھینکے اور ربڑ کی گولیاں چلائیں، جس سے 310فلسطینی زخمی ہوئے ،فلسطینی ہلال احمر کے مطابق زخمیوں میں 228 کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔ 21 اسرائیلی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ۔ اسرائیلی پولیس نے صورتحال کو سنگینی سے بچانے کیلئے یہودی گروپوں کے مقدس مقامات میں داخلے پر پابندی لگا رکھی تھی، تاہم ہزاروں یہودیوں نے روایتی دن کے پیش نظر پرانے شہر کے دمشق گیٹ سے مارچ کیا۔پیر کو رات گئے اسرائیلی پولیس کے حملے سے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں آگ لگ گئی،جس پر قریب موجود یہودیوں نے جشن منایا۔ اس سے قبل حماس نے اسرائیل کو چند گھنٹے کاالٹی میٹم دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ اور مشرقی بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح سے اپنی فورسز فوری نکال لے ،الٹی میٹم کا وقت پورا ہونے کے بعد حماس نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کے ردعمل میں اسرائیل پر راکٹ حملے کیے ،حماس کے راکٹ حملوں سے ڈر کر صیہونی پارلیمنٹ کا اجلاس فوری طور پر ختم کرکے پارلیمنٹ کی عمارت خالی کرالی گئی،صیہونی فوج نے غزہ اور بیت حنون میں بمباری کی جس سے حماس کے ایک کمانڈر،9بچوں سمیت20 فلسطینی شہید ہوئے ۔ تازہ جھڑپوں کے بعد اسرائیل نے مزید فوج سرحد پر لگادی ۔ادھر فلسطینی صدر نے عید کی تقریبات کو محدود کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آج سوگ کا اعلان کردیا۔بمباری اور جھڑپوں کے خلاف فلسطین بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ حماس نے میزائل داغ کر ‘‘ریڈ لائن ’’ پار کر دی ہے ، جس کا طاقت کیساتھ جواب دیا جائے گا۔دوسری جانب کئی مسلم ممالک میں اسرائیلی مظالم کیخلاف مظاہرے ہوئے ۔امریکی وزیر خارجہ نے دونوں فریقین کو صبر وتحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں