مقبوضہ کشمیر:مزید2درجن ملازمین برطرف

مقبوضہ کشمیر:مزید2درجن ملازمین برطرف

دہلی سرکارسازشیں کررہی، چھینی گئی شناخت واپس لیں گے ،عمرعبداللہ

سرینگر(این این آئی،کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کی طرف سے کشمیری سرکاری ملازمین کی برطرفی کا سلسلہ نہ رک سکا ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی حکا م نے آزادی کی حامی تنظیموں سے روابط کاالزام لگاکر مزید2درجن کشمیری ملازمین کوبرطرف کردیا۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ دہلی سرکارسازشیں کررہی، چھینی گئی شناخت واپس لیں گے ، ڈوڈہ کے گول سب ڈویژن میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمرعبداللہ نے کہاہمیں احتیاط سے کام لینا ہوگا کیونکہ دہلی حکومت دو سازشیں کررہی ہے ، ایک الگ الگ تنظیمیں بنا کر لوگوں کے ووٹ کا بٹوارا کیا جا رہا ہے اور دوسرا اسمبلی نشستوں کی حد بندی کو لے کر جموں کے لوگوں کو کشمیریوں کے ساتھ لڑوایا جائے گا ۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ بی جے پی پراکسی پارٹیوں کے ذیعے غیرآئینی فیصلے منظورکراناچاہتی ہے ، بانڈی پورہ میں پارٹی کنونشن کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی پالیسی جموں وکشمیر میں علاقائی جماعتوں میں تقسیم پیدا کرنا ہے ۔ پہلے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) پر حملہ کیا گیا ، پھر جموں میں نیشنل کانفرنس کے اندر تقسیم پیدا کی گئی ، اب کانگریس پارٹی میں بھی تقسیم کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی جے پی ان لوگوں کو جو اسکے پراکسی ہیں انہیں اسمبلی میں پہنچائے گی اور ان کے ذریعے 5 اگست 2019 کے غیر آئینی فیصلے کو آئینی اور درست فیصلہ قرار دلوائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں