روس شارٹ نوٹس پر یوکرائن پر حملہ کر سکتا ہے :امریکا
کیف (رائٹرز، اے ایف پی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ روس بہت شارٹ نوٹس پر یوکرائن پر حملہ کر سکتا ہے۔
وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ ماسکو کیا چاہتا ہے ، تاہم جب تک ہو سکا، وہ ڈپلومیسی کا عمل جاری رکھیں گے ۔ ایک روزہ دورے پر کیف پہنچنے پرمیڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا کہ اہل یوکرائن مشکل دنوں کیلئے خود کو تیار کر لیں، روسی حملے کو روکنے کیلئے وہ سفارتی کوششیں کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ واشنگٹن یوکرائن کی دفاعی معاونت جاری رکھے گا۔
انہوں نے حملے کی صورت میں روس پر سخت پابندیاں عائد کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے روسی ہم منصب کیساتھ ملاقات میں یوکرائن کے بحران پر ماسکو کی تجاویز کا باضابطہ جواب نہیں دیں گے ، جوابی تجاویز دینے کی بجائے ہم ان چیلنجز پر تشویش کا اظہار کر یں گے جوکہ روس کی وجہ سے یورپی علاقے کی سکیورٹی کو درپیش ہیں۔