پاک عراق مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخظ باہمی تعاون بڑھے گا : بلاول

پاک  عراق  مفاہمتی  یاد  داشتوں  پر  دستخظ  باہمی  تعاون  بڑھے  گا :  بلاول

بغداد ، اسلام آباد (اے پی پی، وقائع نگار) وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ان کے دورہ عراق سے پاکستان اور عراق کے درمیان باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا، اس موقع پر مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ملکوںنے ثقافتی تعاون بڑھانے ،سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ پر ویزے کے خاتمہ کے لئے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔قبل ازیں عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کے ساتھ ملاقات کے دوران بلاول نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات استوارہیں،وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران تعاون کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ عراقی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا عراق کادورہ کرکے بہت خوشی ہوئی ، پاکستان سے زائرین کی ایک بڑی تعدادہرسال عراق آتی ہے ۔ وزیر خارجہ نے عراق کے صدر ڈاکٹر عبداللطیف رشید سے بھی ملاقات کی اس دوران باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے عراقی وزیراعظم شیاع السودانی سے بھی ملاقات کی۔اس سے پہلے وزیر خارجہ عراق کے تین روزہ سرکاری دورہ پر بغداد پہنچے تو عراقی نائب وزیر خارجہ سمیت دیگر عراقی حکام، بغداد میں پاکستان کے سفیر احمد امجد علی اور سفارت خانے کے سینئر افسران نے ان کا ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں