مقبوضہ کشمیر :بھارت کا 30ہزار سکیورٹی اہلکار بھیجنے کا فیصلہ

 مقبوضہ کشمیر :بھارت کا 30ہزار سکیورٹی اہلکار بھیجنے کا فیصلہ

نئی دہلی ،سری نگر(کے پی آئی)بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندو یاتریوں کی حفاظت کے نام پر پیراملٹری فورسز کے مزید30 ہزار جوان بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔۔۔

 پیراملٹری فورسز 300کمپنیوں کوپہلگام میں تعینات کیا جائے گا جہاں ہندوؤں کی  مقدس امرناتھ یاترایکم جولائی سے شروع ہو کر 31 اگست تک 62 دن جاری رہے گی ، مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں سے بھی 200 کمپنیوں کو پہلگام منتقل کیا جارہا ہے ۔بھارتی پیراملٹری فورسز میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس،بارڈر سکیورٹی فورسز، سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورسز، انڈو تبتین بارڈر پولیس اور ششتر سیما بل شامل ہے ۔ بھارتی اخبار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اضافی فورسز کی تعیناتی اور دیگر سکیورٹی امور پر بھارتی وزارت داخلہ نے اجلاس طلب کرلیا ۔یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں پہلے ہی لاکھوں بھارتی فوجی تعینات ہیں ۔ دوسری طرف تین دہائیوں سے جنگ زدہ علاقے میں رہنے ، نامساعد اور پریشان کن حالات کے باعث کشمیری نوجوان منشیات کی لت کا شکار ہو کر زندگیوں کو تباہ کر رہے ہیں ۔بی بی سی کی رپورٹ میں گزشتہ سال کے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں 52,000 سے زائد لوگوں نے ہیروئن استعمال کرنے کا اعتراف کیا، اوسطا ً ایک صارف منشیات پرماہانہ تقریبا ً 88,000 روپے خرچ کرتا ہے ۔ مارچ میں جموں وکشمیر میں تقریباً دس لاکھ لوگ جوخطے کی آبادی کا تقریباً 8فیصدہے ،کسی نہ کسی قسم کی منشیات کا استعمال کرتے تھے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں