امریکی صدر کے کتے نے خفیہ سروس کے ایک افسر کو کاٹ لیا

امریکی صدر کے کتے نے خفیہ  سروس کے ایک افسر کو کاٹ لیا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر بائیڈن کے کمانڈر کتے نے وائٹ ہاؤس میں تعینات ایک اور خفیہ ایجنسی کے اہلکار کو کاٹ لیا۔

 رپورٹ کے مطابق یہ 11 واں موقع ہے کہ جرمن شیفرڈ نسل کے 2 سالہ پالتو کتے نے وائٹ ہاؤس یا صدر کے آبائی گھر میں تعینات کسی ا ہلکار کو کاٹا ہے ۔ ترجمان خفیہ سروس کے مطابق پیر کی شام یونیفارم میں ملبوس ایک افسر کو صدر کے کتے نے کاٹ لیا، متاثرہ افسر کا علاج ایجنسی کمپلیکس میں کیا گیا۔ کمانڈر کے اہلکاروں کو کاٹنے کے دیگر واقعات ڈیلاویئر میں صدر کے گھر پر پیش آئے ۔ ایک قدامت پسند گروپ کی دائر درخواست پر خفیہ سروس سے حاصل ریکارڈ میں کمانڈر کے کاٹنے کے 10 واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ایک ای میل کے مطابق کمانڈر کے کاٹنے کا ایک واقعہ 26 اکتوبر 2022 کو پیش آیا جب خاتون اوّل کمانڈر کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہیں۔ ایک ہفتہ بعد ایک اور افسر نے لکھا کہ اسے دو مرتبہ کمانڈر نے کاٹا۔ 11 دسمبر 2022 کو کمانڈر نے صدر بائیڈن کے سامنے ایک ایجنٹ پر حملہ کرکے اس کے بازو اور انگوٹھے پر کاٹا، موقع پر موجود صدر کمانڈر کی حرکت پر پریشان اور زخمی افسر کے بارے میں فکر مند دکھائی دیئے ۔ اس واقعہ کے بعد کمانڈر کو وائٹ ہاؤس سے باہر بھیج دیا گیا، اب وہ صدر بائیڈن کے خاندانی دوستوں کیساتھ رہتا ہے ۔ کمانڈر 2021 میں وائٹ ہاؤس میں آیا ، صدر بائیڈن کے بھائی جیمز نے انہیں کمانڈر بطور تحفہ دیا تھا۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے جولائی میں کمانڈر کے حملوں کا ذمہ دار وائٹ ہاؤس کے تناؤ بھرے ماحول کو قرار دیا تھا۔صدر بائیڈن کا میجر نامی کتا بھی سیکرٹ سروس کے اہلکاروں کو کاٹنے کے واقعات میں ملوث رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں