غزہ:ایک اور ہسپتال پر گولہ باری،12 شہید،عالمی برادری،انسانی تباہی روکے:چین

غزہ:ایک  اور  ہسپتال  پر  گولہ  باری،12  شہید،عالمی  برادری،انسانی  تباہی  روکے:چین

غزہ ،اسلام آباد (اے ایف پی،رائٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک )شمالی غزہ کے انڈونیشین ہسپتال پر اسرئیلی حملے میں 12 افراد شہید،بیسیوں زخمی ہو گئے جبکہ اردن کی جانب سے بھیجا گیا فیلڈ ہسپتال غزہ کی پٹی میں پہنچ گیا ہے۔۔۔

دوسری طرف الشفا ہسپتال سے نکالے گئے  29 نوزائیدہ فلسطینی بچوں کو بحفاظت مصر پہنچا دیا ۔ادھراسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اور او آئی سی کے نمائندوں پر مشتمل وفد چین پہنچ گیاجہاں چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے وفد سے ملاقات میں غزہ کی جنگ بندی بارے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری انسانی تباہی روکے ،وفد آج روس جائیگا، جبکہ اسرائیل غزہ میں عارضی جنگ بندی کیلئے رضا مند ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق شمالی غزہ میں اسرائیلی فوجی ٹینکوں نے گزشتہ روز انڈونیشیا کے زیر انتظام ہسپتال کوگھیرے میں لے کر شدید گولہ باری کی جس سے زیر علاج مریضوں اور طبی عملے کے ارکان سمیت 12فلسطینی شہید ہو گئے ۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق ہسپتال کے باہر لاشیں بکھری پڑی ہیں ۔ لبنان ٹی وی کے مطابق ہسپتال کا سرجیکل یونٹ مکمل طور پر تباہ اور ہسپتال کو بجلی فراہم کرنے والے تمام جنریٹر ناکارہ ہو گئے ۔ اس وقت ہسپتال میں کم از کم 150 زخمی مریض اور 100 کے قریب ڈاکٹر موجود ہیں،ہسپتال میں بے گھر فلسطینیوں نے بھی پناہ لے رکھی ہے ۔ علاوہ ازیں غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 13300 ہو گئی، ان میں 5600 سے زائد بچے اور 3550 سے زائد خواتین شامل ہیں، حملوں میں 31 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ،اسرائیل کے الشفا ہسپتال میں حماس کی سرنگ ملنے کا دعویٰ "خالص جھوٹ"ہے ۔

مصری میڈیا کے مطابق الشفا ہسپتال سے نکالے گئے 29 نوزائیدہ فلسطینی بچوں کو رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے بحاظت مصر پہنچادیا گیا ہے ، انہیں عریش ہسپتال میں رکھا جائے گا۔ دریں اثنا اردن کی جانب سے بھیجا گیافیلڈ ہسپتال خان یونس میں قائم کیا جائیگا،فیلڈ ہسپتال کیساتھ طبی عملے کے 17 ارکان اور 40 ٹرکوں پر طبی سامان بھی پہنچا ہے ،اس فیلڈ ہسپتال سے جنوبی غزہ کے ہسپتالوں پر زخمیوں اور بیماروں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی ۔رفح بارڈر کراسنگ کے سربراہ نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ کویت کی جانب سے بھیجی گئی چھ ایمبولینسیز بھی غزہ پہنچ چکی ہیں ۔ ادھر فلسطینی اتھارٹی، مصر، سعودی عرب، اردن ، انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ اور او آئی سی کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں بیجنگ پہنچ کر چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی ، اس دوران غزہ جنگ پر بات چیت کی گئی جبکہ چینی وزیر خارجہ نے گفتگو میں کہا کہ عالمی برادری غزہ میں انسانی تباہی روکنے کیلئے فوری قدم اٹھائے ،غزہ کی صورتحال پوری دنیا کو متاثر کر رہی ہے ، اس جنگ نے غلط و صحیح کے انسانی احساس اور انسانیت کے نچلے ترین درجے کو سوالیہ نشان بنا دیا۔ وفد غزہ جنگ پر سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک سے ملاقاتوں کے پہلے مرحلے میں چین پہنچا ہے ، آج منگل کو روس کا دورہ کریگا اورماسکو میں روسی وزیر خارجہ سے ملاقات کریگا۔ مزید برآں اسرائیل غزہ میں عارضی جنگ بندی کے لیے رضا مند ہوگیا۔پہلے مرحلے میں 50 سے 70 تک فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،قیدیوں میں بچے اور خواتین شامل ہوں گی جبکہ ان کی رہائی آئندہ 24 گھنٹے میں متوقع ہے ۔اسرائیلی حکام نے ڈیل سے متعلق مذاکرات کی تصدیق کردی تاہم حماس کا مذاکرات سے متعلق کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔علاوہ ازیں برکس سربراہ اجلاس سے قبل اسرائیل نے جنوبی افریقہ میں تعینات اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔ ترجمان اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پریٹوریا میں تعینات اسرائیلی سفیر کو مشاورت کیلئے واپس بلایا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں