مقبوضہ کشمیر:ہندو طالبعلم کے گستاخانہ اقدام کیخلاف مظاہرہ

مقبوضہ کشمیر:ہندو طالبعلم کے گستاخانہ اقدام کیخلاف مظاہرہ

سرینگر(اے پی پی ،آئی این پی)مقبوضہ جموں و کشمیر میں زیر تعلیم بھارتی ہندو طالبعلم کی طرف سے سوشل میڈیا پرگستاخانہ پوسٹ کے خلاف سرینگر میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سینکڑوں طلبا نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔

طلبا نے پرامن احتجاجی مارچ کے دوران نبی کریمؐ کی عظمت کے حق میں نعرے لگائے ،یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ و طالبات سمیت مظاہرین کو یونیورسٹی کے مین گیٹ سے باہر جانے سے روکدیا جس پر وہ منتشر ہو گئے ۔ دوسری طرف قابض بھارتی انتظامیہ نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کو گزشتہ روز مسلسل آٹھویں جمعہ کو پھر سیل کر کے کشمیری مسلمانوں کو نمازِ جمعہ ادا کرنے سے روک دیا جبکہ حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق کو پھر گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔ دریں اثنا میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں گزشتہ ماہ نومبر میں 15کشمیریوں کو شہید کیا، ان شہادتوں کے نتیجے میں 3خواتین بیوہ اور 17بچے یتیم ہو گئے ۔ علاوہ ازیں محاصرے اور تلاشی کی 218کارروائیوں کے دوران 368افراد کو کالے قوانین کے تحت گرفتار کیا جن میں زیادہ تر طلبااور نوجوان شامل تھے ،کشمیریوں کے پانچ رہائشی مکان بھی تباہ کئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں