مقبوضہ کشمیر:بھارتی حکومت نے مزید9جائیدادیں ضبط کر لیں
سرینگر (نیوز ایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے مزید9جائیدادیں ضبط کر لیں، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی حکومت نے گزشتہ روز بانڈی پورہ، گاندربل، پلوامہ، کولگام اور ادھمپور اضلاع میں کشمیریوں کی منقولہ جائیدادیں ضبط کیں۔
بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی فوج کے ہمراہ چھاپوں اور دیگرکارروائیوں کے دوران کشمیریوں کی املاک کو اپنی تحویل میں لیا ۔ ادھرقابض بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی کو گرفتار کرلیا ۔کے ایم ایس کے مطابق پارٹی ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے عبدالصمد انقلابی کو گزشتہ روز ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں 10 دسمبر کو منائے جانیوالے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔ سرینگر اور دیگر علاقوں میں یہ پوسٹر مختلف آزادی پسند تنظیموں نے چسپاں کیے ہیں۔ پوسٹروں میں لکھا ہے کہ بھارتی فوجی بے گناہ کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اور جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں اور میتوں کو مناسب تدفین کیلئے ورثا کے حوالے نہیں کر رہے ۔